بیندور 26/ جنوری (ایس او نیوز) یہاں سے قریب اوتینانی گھاٹ پر بس اور بائک کے درمیان ہوئی آمنے سامنے کی ٹکر میں بائک سوار کی موت واقع ہوگئی، جبکہ دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ مرنے والے کی شناخت منجوناتھ (23) کی حیثیت سے کی گئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والے کی شناخت اسی کے خالہ زاد بھائی سریش کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
بتایا گیاہے کہ ان دونوں کا تعلق ضلع ہاویری کے ہانگل سے ہے، مگر دونوں اُڈپی میں مزدوری کا کام کرتے تھے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق یہ دونوں کچھ دنوں کے لئے اپنے گائوں گئے تھے اور آج بائک پر واپس اُڈپی جارہے تھے، جس کے دوران اوتینانی گھاٹ پر جمعرات کی دوپہر کو حادثہ پیش آیا۔ بس کیرالہ سے مرڈیشور جارہی تھی جس پر سیاح سوار تھے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطا بق ٹکر لگتے ہی منجوناتھ اور سریش بہت بری طرح زخمی ہوئے تھے، دونوں کو فوری طور پر بیندور سرکاری اسپتال لے جایا گیا تھا، مگر منجوناتھ اسپتال پہنچتے ہی دم توڑ دیا، البتہ سریش کی حالت ابھی بھی نازک بنی ہوئی ہے اور اُسے بیندور کے بعد منی پال منتقل کیا گیا ہے۔
بیندور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے ۔